25 نومبر 2025 - 16:06
ایّامِ فاطمیہ: موکب “راہیانِ ولایت” تین روزہ مذہبی و ثقافتی پروگرام کے ساتھ اختتام پذیر

قم المقدسہ میں مدرسہ الولایہ اور مجلس وحدت مسلمین کے باہمی تعاون سے ایّامِ فاطمیہ کے موقع پر منعقد ہونے والا تین روزہ موکب “راہیانِ ولایت” زائرین کی کثیر شرکت اور معنوی و ثقافتی پروگراموں کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، مدرسہ الولایہ قم المقدسہ اور مجلس وحدت مسلمین کے اشتراک سے یکم تا سوم جمادی‌الثانی کے دوران صحنِ جوادالائمہؑ میں موکب “راہیانِ ولایت” منعقد ہوا، جس میں مذہبی، تربیتی، ثقافتی اور خدماتی نوعیت کے پروگرام پیش کیے گئے۔

مجلسی پروگرام

موکب میں نمازِ ظہرین اور نمازِ مغربین کے بعد مجالسِ عزاداری کا انعقاد کیا گیا۔ حوزہ علمیہ کے فاضل علماء نے فضائلِ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا، معارفِ اہلِ بیتؑ، انقلاب اسلامی کے اقدار اور آلِ محمدؐ کی مصائب بیان کیں۔

تربیتی و ثقافتی سرگرمیاں

زائرین کے لیے مختصر ڈاکومنٹریز اور ویڈیوز پیش کی گئیں، جن میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت اور مقام کے بارے میں معلومات دی گئیں۔ مواد مقام معظم رهبری اور عالمی علماء کے بیانات سے ماخوذ تھا۔ پروگرام کو زائرین نے نہایت سراہا۔

تزئین و آرائش

موکب کی آرائش میں ایّامِ فاطمیہ کی مناسبت سے بینرز، شہدائے مقاومت کی تصاویر اور شیعہ قائدین، بالخصوص قائد شہید عارف حسین الحسینی قدس سرہ کی تصاویر شامل تھیں۔

بچوں اور نوجوانوں کے لیے سرگرمیاں

بچوں کی تربیت کے لیے سوال و جواب، منتخب آیاتِ قرآن کریم کی حفظ، نقشہ کشی، رنگ آمیزی اور ثقافتی مقابلے کا اہتمام کیا گیا۔ سرگرمیوں میں بچوں کی بڑی تعداد نے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔

دینی و شرعی رہنمائی

موکب میں زائرین کے لیے کھانے کی تقسیم اور دینی و اعتقادی سوالات کے جوابات کا اہتمام بھی کیا گیا۔ علماء و مبلغین ہمہ وقت موکب میں موجود رہے تاکہ شرعی رہنمائی فراہم کی جا سکے۔

تحائف قافلہ سالاروں کے لیے

پاکستان اور بھارت سے آنے والے کچھ قافلہ سالاروں کو مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم اور مدرسہ الولایہ قم کی جانب سے متبرک علم حضرت عباس ع بھی پیش کیا گیا۔

موکب “راہیانِ ولایت” نے اپنی پہلی میزبانی میں خدام کی محنت اور زائرین کی بھرپور شرکت کے ساتھ ایّامِ فاطمیہ کی مناسبت سے ایک معنوی اور ثقافتی فضا قائم کی، جس کا سلسلہ آئندہ سالوں میں بھی جاری رہنے کا امکان ہے۔

آخر میں، مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کے صدر حجت الاسلام سید ذیشان حیدر الحسنی نے حوزہ علمیہ قم کے طلاب، خدام اور خصوصاً مدرسہ الولایہ قم کے طلاب و اساتذہ کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے موکب کے انعقاد میں خصوصی کردار ادا کیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha